کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے پولیس افسر کی بیٹی کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کشمور میں درندگی کے واقعے نے سب کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا، پولیس کے اے ایس آئی کی بروقت کارروائی قابل تحسین ہے، محمد بخش کی بیٹی کو سویلین ایوارڈ دینے کی سفارش کریں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ملزم نے اعتراف جرم کیا ہے، بیان قلمبند ہو گیا، ڈی این اے سیمپل اکٹھے کرلیے، لیبارٹری بھجوائے جائیں گے، ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوا کر مثال قائم کریں گے، متاثرہ بچی کے تعلیمی اخراجات سندھ حکومت اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا بچی کے علاج معالجہ کیلئے بیرون ملک کہیں بھی جانا پڑا تو سندھ حکومت بھجوائے گی، بچی کے علاج معالجے سے لیکر تعلیمی اخراجات حکومت سندھ برداشت کرے گی۔