اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان میں اقلیتوں کے غیر محفوظ ہونے اور دہشت گردی کے حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے ملک میں اقلیتوں کیخلاف نارروا سلوک اور دہشت گردی سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
ترجمان نے بھارتی وزارت خارجہ کے بے بنیاد الزامات پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت جھوٹے اور بنیاد الزامات لگا کر مقبوضہ جموں وکشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور اپنے ہی اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک سے عالمی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت من گھڑت الزامات سے جھوٹ کو حقیقت میں تبدیل نہیں کر سکتا۔ ایسی مایوس کن کوششیں بھارت کی ملکی اور خارجہ پالیسی کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے میں کامیاب نہیں ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے برعکس ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے بھارت کی ساکھ کو مزید نقصان پہنچے گا۔ ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کو بطور ریاستی پالیسی کے استعمال سے باز رہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند اور اپنے شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کرے اور کشمیر کے تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قراردادوں کے مطابق حل کرنا چاہیے۔