کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی ہمشیرہ بختاور بھٹو کی منگنی کی رسم ادا کر دی گئی ہے۔ منگنی کی اس تقریب میں بھٹو اور زرداری خاندان کے قریبی عزیز واقارب نے شرکت کی۔
منگنی کی رسم بلاول ہاؤس کراچی میں انجام پائی۔ اس موقع پر محمود چودھری اور بختاور بھٹو نے ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنائی۔ منگنی کے لئے محمود چودھری فیملی کے ہمراہ گزشتہ رات کراچی پہنچے تھے۔ ذرائع کے مطابق منگنی کیلئے بختاور بھٹو نے خصوصی لباس ڈیزائن کرایا۔ تقریب سے قبل بلاول ہاؤس کو ڈس انفیکٹ کرایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کورونا میں مبتلا، بہن کی منگنی میں شرکت نہیں کر سکیں گے
خیال رہے کہ بلاول بھٹو زرداری جو ان دنوں کورونا وائرس میں مبتلا ہیں، انہوں نے اپنی بہن بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب میں شرکت نہیں کی۔ گزشتہ روز اپنی ٹویٹ میں بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، معمولی علامات کے بعد میں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے، تاہم میں اپنی رہائشگاہ سے کام جاری رکھوں گا جبکہ یوم تاسیس کے جلسے سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کروں گا، تمام لوگ ماسک کا اہتمام کریں، میں آپ کا منتظر ہوں گا۔
سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو کی منگنی بروز جمعہ مورخہ 27 نومبر کو طے پائی تھی۔ کورونا وائرس کے پیش نظر محدود تعداد میں مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔