کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں کورونا وائرس کی پہلی لہر میں کانٹریکٹ پر بھرتی کی گئی نرسوں کا مستقلی کے لیے احتجاج، پولیس کے لاٹھی چارج سے ایک نرس زخمی ہوگئی، سیکرٹری ہیلتھ سندھ کے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔
تفصیل کے مطابق کورونا وائرس کی پہلی لہر کے دوران تین ماہ کے لیے عارضی بنیادوں پر بھرتی کی گئی نرسوں نے مستقلی کے لیے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔
نرسوں نے اپنے مطالبات کے حق میں وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کرکے نرسوں کو منشتر کردیا۔ لاٹھی چارج کے نتیجے میں ایک نرس زخمی ہوئی۔
بعد ازاں نرسوں نے سندھ سیکریٹریٹ کے باہر دھرنا دیا۔ سیکرٹری ہیلتھ اور نرسز کے مابین کامیاب مذاکرات ہوئے۔ سیکرٹری ہیلتھ کے مطابق سندھ پبلک سروس کمیشن انٹرویو کے تحت نرسوں کے مستقلی کا فیصلہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
دوسرے آپشن کے تحت سندھ اسمبلی میں بل کے ذریعے معاملے کو دیکھا جائے گا۔ سیکرٹری ہیلتھ کی جانب سے یقین دہانی کے بعد نرسز نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔