امریکی سیکرٹری خارجہ کا پاکستان پر مذہبی عدم آزادی کا بیان، علامہ طاہر اشرفی کی شدید مذمت

Published On 11 December,2020 06:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ امریکی سیکرٹری خارجہ کی جانب سے پاکستان میں مذہبی عدم آزادی کے بیان کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام مذاہب کا ملک ہے۔ وزارت خارجہ اس حوالے سے امریکن کمیشن سے مکمل رابطے میں ہے۔ امید ہے جلد یہ الزام واپس لیا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرس کرتے ہوئے طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ تمام علمائے کرام پاکستان میں مذہبی عدم آزادی سے متعلق امریکی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ الزام لگانے والے کمیشن کو ہندوستان میں کچھ نظر نہیں آتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان میں آر ایس ایس سے کوئی محفوظ نہیں۔ وہاں مسلم، سکھ اور عیسائی سب سب اقلیتیں غیر محفوظ ہیں جبکہ پاکستان میں صورتحال اس سے یکسر مختلف ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اگر رمشا مسیح اس ملک میں محفوظ ہے تو یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اقلیتی برادری کا تحفظ جانتا ہے۔ امریکی کمیشن اور امریکی وزارت خارجہ اپنی اداؤں پر غور کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے نمائندے کی حیثیت سے امریکی کمیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیے ہمارے ساتھ بیٹھیں، ہم امریکی کمیشن کی رپورٹ کو نشست کے بعد غلط ثابت کریں گے۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کو نصاب میں شامل کرنے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کے نمائندے کی حیثیت سے امریکی کمیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ اس حوالے سے پاکستان سے نشست کرے، ان کی غلط فہمی دور کریں گے۔