لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم کی حکومت مخالف تحریک میں تیزی، لاہور کے مینار پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں شروع کر دیں گئیں، احاطے میں سٹیج اور کرسیاں لگانے کا کام جاری ہے۔
لاہور انتظامیہ کی جانب سے سٹیج کی تیاری متاثر کرنے کے لیے گریٹر اقبال پارک کے گیٹ کو تالا لگایا گیا، جسے مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے توڑ کر سٹیج بنانے کا سامان لے کر احاطہ مینار پاکستان میں داخل ہوگئے۔ ساؤنڈ سسٹم اور لائٹس بھی نصب کی جائیں گی۔ ورکرز کی بڑی تعداد جلسہ گاہ میں موجود ہے۔
دوسری جانب معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر مینار پاکستان جلسے کی اجازت نہیں دی، فسادی پی ڈی ایم ٹولے کے بریک اَپ کا وقت آن پہنچا، کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ دار جلسہ انتظامیہ ہوگی۔
ادھر ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جتنے مرضی مقدمات درج کرلیں، لاہور جلسہ ہر صورت ہوگا، کارکن گھبرانے والے نہیں، عوام کی طاقت سے حکومت کو ووٹ کی عزت کا جواب دیں گے، کل کے جلسے کا اثر حکومتی حلقوں میں نظر آنا شروع ہوگیا۔