اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کے استعفوں جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے، تاہم پاکستان مسلم لیگ کے صدر میاں محمد شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے تاحال استعفےتحریر نہیں کیے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل جماعتوں کے قائدین کے پاس استعفے جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ ن لیگ کے 25 سے زائد اراکین قومی اسمبلی کے استعفے پارٹی قیادت کو موصول ہو چکے ہیں۔
لیگی ذرائع کے مطابق ابھی تک اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنا استعفی تحریر نہیں کیا جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی ابھی تک استعفی نہیں لکھا۔
ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ اجلاس میں اکتیس دسمبر تک استعفے جمع کروائے جانے ہیں۔پیپلز پارٹی کے اراکین کے استعفے بھی بلاول بھٹو کو موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے جن میں آغا رفیع اللہ,قادر پٹیل۔شاہد رحمانی۔شگفتہ جمانی سمیت ایک درجن کے قریب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے استعفے موصول ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی کے چودہ اراکین اسمبلی سمیت تمام صوبائی اسمبلیوں سے اراکین کے استعفے مولانا فضل الرحمان کے پاس جمع کرا دئیے گئے ہیں جبکہ بی این پی مینگل اے این پی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے اراکین کے استعفے بھی پارٹی قیادت کو موصول ہو چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفے سپیکر قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کے نام تحریر کیے گئے ہیں۔ استعفے موصول ہونے کے بعد بیک وقت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کو بھجوائیں گے۔ استعفے پی ڈی ایم کے لانگ مارچ کے بعداسپیکر کو دیئے جائیں گے۔