لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اتوار کو مینار پاکستان میں پاور شو کرے گی، پی ڈی ایم سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری، پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، اختر مینگل سمیت دیگر قائدین جلسے سے خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کی 11 جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے کا آخری جلسہ اتوار کو مینار پاکستان پر ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکن پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں کررہے ہیں۔
ساونڈ سسٹم پر مسلم لیگ (ن) کے پارٹی نغمے اور ترانے بجائے جا رہے ہیں، مینار پاکستان گراونڈ میں داخلے کے لئے 5 دروازے مختص کئے گئے ہیں، جن میں سے ایک دروازہ وی وی آئی پیز کے لئے مختص ہو گا، خواتین کے لئے بھی الگ داخلے کا راستہ اور انکلوژر بنایا جا رہا ہے۔ جلسے کی سیکیورٹی انصار الاسلام کے رضاکاروں اور شیر جوان فورس کے حوالے کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز، بلاول کے علاوہ پی ڈی ایم اراکین اسمبلی کے استعفے جمع ہونے کا سلسلہ جاری
جلسہ گاہ میں بجلی کی فراہمی کو بلا تعطل جاری رکھنے کے لیے جنریٹر پہنچادیئے گئے ہیں جبکہ روشنی کے لئے خصوصی کھمبے لگادیئے گئے ہیں جن پر لائٹیں نصب ہیں۔ پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین کی تصاویر والے فلیکسز بھی گراونڈ میں آویزاں کر دئیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے کنٹینرز پہنچانے کی اجازت نہ ملنے پر مینار پاکستان پر لکڑی کا سٹیج بنانے کا کام جاری ہے، مرکزی قائدین کے لئے الگ اور دیگر قائدین کے لئے الگ سٹیج بنایا جارہا ہے، مرکزی اسٹیج کے عقب میں 20 فٹ اونچی اور 80 فٹ چوڑی مرکزی سکرین لگائی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ جلسہ گاہ کے مختلف حصوں میں 10 فٹ اونچی اور 15 فٹ چوڑی 10 اسکرینز لگائی جائیں گی۔
دوسری طرف پی ڈی ایم کے مینار پاکستان پر جلسے میں اہم اعلانات موقع ہے، اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس کل دوپہر ڈیڑھ بجے طلب کر لیا گیا۔ جلسے سے قبل مرکزی رہنماوں کی بیٹھک میں اعلانات کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں اہم اعلانات پر مشاورت اور جلسہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال ہو گا۔ مرکزی رہنماوں کا اجلاس سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی رہائشگاہ پر ہو گا۔ اجلاس کے بعد تمام مرکزی قیادت ایک ساتھ جلسے میں شرکت کےلئے روانہ ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: شرکا جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ سے اجتناب کریں: پی ڈی ایم کا ہدایت نامہ جاری
) حکومت مخالف اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی طرف سے مینار پاکستان پر 13 دسمبر کو ہونے والے جلسے کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم کی طرف سے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ جلسے میں شریک ہونے والے تمام کارکن قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں، موسم کے مطابق کارکن چادر، رومال اور مفلر ساتھ رکھیں، کارکنان چھتری، پانی کی بوتل جو پینے اور وضو کے کام آسکے پاس رکھیں، کارکنان مقامی قیادت سےرابطےمیں رہیں اوراپنےگروپ سےالگ نہ ہوں۔
ہدایت نامے میں کہا گیاہے کہ جلسے کےشرکاء موبائل چارجنگ کیلئے پاور بینک یا ڈبل بیٹری کا انتظام کریں، قانون کا احترام کریں، کارکنان پنڈال میں سیکیورٹی کی ذمہ دار انصار الاسلام تنظیم کےساتھ تعاون کریں، شرکاء توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ سے اجتناب کریں۔
ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ قومی املاک کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، تمام کارکنان ایک دوسرے کا احترام کریں اوربحث و تکرار سےگریزکریں۔
مزید برآں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جلسے کے انتظامات کے لیے مینار پاکستان کا دورہ کیا اور کارکنوں کے ساتھ مل کر انتظامات کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیں: ریاست کیخلاف بغاوت اور بغاوت پر اکسانے پر فوری کارروائی کا فیصلہ
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ حکومت کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کی گئیں ہیں، جتنا مرضی رکاوٹین کھڑی کر لیں، عوام جلسہ گاہ پہنچے گی، جلسہ ہوگا اور پھرپور ہوگا، این آر او مانگے گے تو پی ڈی ایم نہیں دے گی۔
اس دوران مریم نواز سے صحافی کی طرف سے سوال پوچھا گیا کہ کل آپ اور بلاول ایک ساتھ جلسہ گاہ آئیں گے اس کے جواب میں لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ جی میں اور بلاول ایک ساتھ جلسے میں آئیں گے۔
اُدھر وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام پی ڈی ایم جلسے کا بیانیہ مسترد کریں گے، عمران خان اور تحریک انصاف کے علاوہ کسی کے پاس اتنے بڑے جلسے کرنے کی طاقت نہیں، قیمے والے نان اور بریانی پر کیے گئے جلسے اور جنون کے جلسوں میں بہت فرق ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ درباریوں اور پٹواریوں کو اکٹھا کر کے جلسے بھرنا الگ بات ہے، ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی نے ہائی الرٹ تھرٹ جاری کیے ہیں، جس کی وجہ سے جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب میں کسی سڑک پر کوئی کنٹینرز نہیں ہوں گے، ہم ان تلوں کا تیل دیکھنا چاہتے ہیں، پنجاب کی کسی سڑک کو بند نہیں کیا جائے گا، جاتی امرا میں ڈنڈوں کے ٹرک گئے اور ڈنڈے تقسیم ہوئے۔
وزیر برائے قانون پنجاب راجا بشارت نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے لاہور جلسے کی سیکیورٹی سے متعلق نیشنل کاؤنٹرٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) اور دیگر اداروں کی طرف سے الرٹ ہے جس سے پی ڈی ایم کی قیادت کو آگاہ کردیا گیا ہے۔