شرکا جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ سے اجتناب کریں: پی ڈی ایم کا ہدایت نامہ جاری

Published On 12 December,2020 07:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت مخالف اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی طرف سے مینار پاکستان پر 13 دسمبر کو ہونے والے جلسے کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم کی طرف سے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ جلسے میں شریک ہونے والے تمام کارکن قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں، موسم کے مطابق کارکن چادر، رومال اور مفلر ساتھ رکھیں، کارکنان چھتری، پانی کی بوتل جو پینے اور وضو کے کام آسکے پاس رکھیں، کارکنان مقامی قیادت سےرابطےمیں رہیں اوراپنےگروپ سےالگ نہ ہوں۔

ہدایت نامے میں کہا گیاہے کہ جلسے کےشرکاء موبائل چارجنگ کیلئے پاور بینک یا ڈبل بیٹری کا انتظام کریں، قانون کا احترام کریں، کارکنان پنڈال میں سیکیورٹی کی ذمہ دار انصار الاسلام تنظیم کےساتھ تعاون کریں، شرکاء توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ سے اجتناب کریں۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ قومی املاک کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، تمام کارکنان ایک دوسرے کا احترام کریں اوربحث و تکرار سےگریزکریں۔
 

Advertisement