لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کو پارٹی کارکنوں کو حکومت کیخلاف لانگ مارچ سے پہلے فعال کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔
تفصیل کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی زیر صدارت رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں پرویز رشید، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق اور خواجہ آصف بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں لانگ مارچ سے قبل عوامی رابطہ مہم شروع کرنے پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز پنجاب اور کے پی کے مختلف علاقوں میں عوامی رابطہ مہم شروع کریں گی۔
مسلم لیگ (ن) کے اجلاس میں عوامی رابطہ مہم کو موثر بنانے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا جبکہ ریلیاں، جلسے، احتجاج اور دیگر آپشنز پر مشاورت کی گئی۔
مریم نواز نے لیگی رہنماؤں کو پارٹی کارکنوں کو لانگ مارچ سے پہلے فعال کرنے کا ٹاسک بھی سونپ دیا۔ لیگی نائب صدر بہاولپور، بہاولنگر، خانیوال، ملتان، لیہ، ڈیرہ غازی خان، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، سرگودھا اور قصور سمیت دیگر شہروں میں عوامی رابطہ مہم شروع کریں گی۔