راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بھارت کی اشتعال انگیزیاں بالخصوص حال ہی میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی گاڑیوں کو نشانہ بنانا علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے دورے کے دوران کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہرعباس نے استقبال کیا۔ اس موقع پر سپہ سالار نے نے اگلےمورچوں پرتعینات جوانوں کے بلند حوصلے کی تعریف کی۔
پاک فوج کے سپہ سالار کے ایل او سی دورے کے دوران بھارتی اشتعال انگیزیوں پر انہیں بریفنگ دی گئی جبکہ آرمی چیف کو عالمی قوانین کے برخلاف یواین گاڑی کونشانہ بنانے پر بھی آگاہ کیا گیا۔
دورے کے دوران جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کوکسی بھی جارحیت کامنہ توڑجواب دیاجائیگا۔ پاک فوج ایل اوسی پرآبادی کےتحفظ کیلئے اقدامات بروئےکارلائے گی۔ یو این مبصرین کی گاڑیوں پر فائرنگ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج مادروطن کی جغرافیائی سرحدوں اور وقار کا تحفظ یقینی بنائے گی، بھارتی اشتعال انگیزیاں علاقائی امن واستحکام کیلئےخطرہ ہے۔