اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں تقسیم واضح نظر آ رہی ہے، اسرائیل اور بھارت کی لابی نے نوازشریف کو قابو کیا۔
وفاقی وزیر فواد چودھری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی سکڑ کر صرف سندھ تک محدود ہو گئی، وفاق کے نعروں سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ 3 خاندان سیاست اپنی وراثت میں منتقل کرنا چاہ رہے ہیں، پاکستان اقتدار کے جھولے جھولنے کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اجمل قادری نے اسرائیل سے تعلقات کا کچا چٹھا کھولا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کام کیے بغیر وزیراعظم بننا چاہتی ہیں، انہوں نے ایک دن بھی کچن نہیں چلایا کیونکہ ابو کے ساتھ رہتی تھیں۔ مفتاح اسماعیل بطور باکسر مریم نواز کے پیچھے کھڑے رہے، مریم کے نکلتے وقت شاہد خاقان ہاتھ باندھ کر کھڑے رہے، ابو نے کہا میں تو باہر بیٹھ کر پیزا کھا رہا ہوں، آپ ملک سنبھالیں۔ مریم نواز نے ابو کی چھینی ہوئی دولت پر عیش کی زندگی گزاری، وزارت عظمیٰ کیا انٹرن شپ ہے جو بچوں کو دے دی جائے۔ اپوزیشن کی تحریک ختم ہوچکی، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اپوزیشن کو مشکل سے نکلنے کا راستہ دے۔ اپوزیشن میں سنجیدہ لیڈر شپ کو آگے بڑھنا چاہیے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مریم نوازکہہ رہی تھیں پیپلزپارٹی زندہ آباد، ابھی ہمیں سمجھ نہیں آرہا جیالا کون ہے اور پٹواری کون، مریم نے اپنےکارکنان کو کنفیوز کیا ہوا ہے۔ عمران خان سب سے زیادہ ووٹ لیکر اقتدارمیں آئے،ان کے قد کا پاکستان میں کوئی لیڈرنہیں۔