جمعیت علمائے اسلام (ف) کو جے یو آئی (فوائد) میں بدلا گیا: حافظ حسین احمد

Published On 02 January,2021 09:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینئر سیاستدان حافظ احمد نے کہا ہے کہ سٹیبلشمنٹ کو گالیاں دینے والے رات کو سٹیبلشمنٹ کے نمائندے محمد علی درانی سے کیوں ملتے ہیں، جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمن کا اصل نام جے یو آئی (فوائد ) ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینئر سیاستدان حافظ حسین احمد نے پی ڈی ایم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف سے فوائد حاصل کرنے کے لئے جے یو آئی (ف)کو جے یو آئی (فوائد)میں بدلا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے نوازشریف کو خوش کرنے کے لئے ہمیں پارٹی سے نکالا، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم کے فیصلوں کو ویٹو کردیا، لانگ مارچ ضمنی انتخابات سینٹ الیکشن اور استعفوں پر پیپلز پارٹی جیت گئی۔

حافظ سعید کا مزید کہنا تھا کہ دن کو سٹیبلشمنٹ کو گالیاں دینے والے رات کو سٹیبلشمنٹ کے نمائندے محمد علی درانی سے کیوں ملتے ہیں، نوازشریف نے جنرل ضیا الحق کی برسی سے بے نظیر بھٹو کی برسی تک اپنی سیاست ڈبو دی، فضل الرحمن کے ساتھ ہاتھ ہوگیا آئندہ بھی ہوتا رہے گا۔

دوسری طرف مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان خود سے فیصلے کرتے ہیں ،سیاسی جماعتوں کوآپس کی محاذ آرائی سے بچنا چاہیے۔

جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اسٹیبلشمنٹ کے خلاف محاذ آرائی کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔

جامعہ مدنیہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا راستہ ان کی نظر میں ٹھیک ہوگا ان کی مرضی ہے جہاں مرضی مارچ کریں ان کا ہر ایک کا اپنا اپنا ہدف ہے ہمارا مؤقف ہے کہ جو دستور میں نام ہے اس کی رجسٹریشن ہونی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن دستور کو کیوں نہیں دیکھتا، ممبران کی رکنیت ہماری جماعت کے نام ہے الیکشن کمیشن اسکو کیوں نہیں دیکھتا؟ ہم کہیں نہیں جائیں گے نہ کسی کی معاونت میں نہ مخاصمت میں۔ الیکشن کمیشن میں جمع لیٹر پیڈ پرجمعیت علمائےاسلام پاکستان لکھا ہے۔
 

Advertisement