اختلافات کی کہانیاں سفید جھوٹ، ہم متحد اور ایک پیج پر ہیں: سربراہ پی ڈی ایم

Published On 03 January,2021 08:50 pm

بہاولپور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کبھی کارڈ چھپائیں گے، کبھی دکھائیں گے، دھاندلی کی پیداوار حکومت کو ہر صورت گھر بھجوائیں گے۔ پی ڈی ایم میں اختلافات کی کہانیاں سفید جھوٹ، تمام جماعتیں متحد اور ایک پیج پر ہیں۔ حقیقی جمہوریت اور تبدیلی کی جدوجہد جاری کامیابی تک جاری رہے گی۔

مولانا فضل الرحمان نے بہاولپور میں خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 21 جنوری کو اسرائیل نامنظور ریلی نکالیں گے اور دنیا پر واضح کریں گے کہ پہلے فلسطین کو تسلیم کرو، یہ آواز پاکستان کی سرزمین سے اٹھے گی۔

انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار سے پہلے ہی عمران خان نے کشمیر کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کا فارمولا پیش کیا تھا۔ عمران خان نے اسی لیے کہا تھا کہ الیکشن میں مودی کامیاب ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کشمیر فروش ہے۔ ناکام پالیسیوں کے نتیجے میں کشمیریوں کو مودی کے جبر وستم پر چھوڑ دیا۔ ہم پانچ فروری کو قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا دن منائیں گے۔ پانچ فروری کو پی ڈی ایم کی سربراہی میں ہر بڑے شہر میں مظاہرے کیے جائیں گے۔

ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج کی اس دنیا میں ریاستوں کی بقا کا دارومدار مستحکم معیشت ہوتی ہے۔ ناجائز حکومت نے ملکی معیشت کوتباہ وبرباد کردیا۔ آج ہمسایہ ممالک ہم سے زیادہ تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔

پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ ووٹ چوری کرکے حکومتیں نہیں چلا کرتیں، عوام کا نمائندہ بن کر آنا پڑے گا، عوام کے نمائندے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سربراہی اجلاس کے بعد حکومت سوچ رہی تھی کہ شاید ہمارا اتحاد ٹوٹ جائے گا۔ ہم نے سربراہی اجلاس میں ایک آواز میں فیصلے کیے تو ان کے گھروں میں ماتم بچھ گیا۔ پی ڈی ایم کی ایک قومی تحریک ہے جس میں شامل تمام جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔
 

Advertisement