اسلام آباد: (دنیا نیوز) جے یو آئی پاکستان نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کی مخالفت کر دی۔ وفاق کی طرف سے تحریری گزارشات جمع جبکہ سندھ حکومت کی ایک ہفتے کی مہلت کی استدعا منظور کر لی گئی۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید نے تحریری معروضات جمع کرا دیں، جس میں کہا گیا کہ صدارتی ریفرنس آرٹیکل 226 کے اسکوپ سے متعلق ہے، سپریم کورٹ صدر کے بھیجے گئے ریفرنس پر رائے دینے کی پابند ہے، عدالت مستقبل کی قانون سازی پر بھی رائے دے سکتی ہے، صدارتی ریفرنس آرٹیکل 186 کے تحت قابل سماعت ہے۔
تحریری معروضات میں مزید کہا گیا کہ بھارت میں بھی سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے ہوتے ہیں، انتحابات آئین کے تحت ہوتے تو الیکشن ایکٹ میں خفیہ ووٹنگ کا ذکر ہوتا، صدارتی انتحابات کا مکمل طریقہ آئین میں درج ہے، صدارتی انتحابات آئین کے تحت خفیہ رائے شماری سے ہوتے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تمام فریقین کے جوابات آنے کے بعد سب کو دیکھیں گے۔