اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مراد سعید نے پارلیمان کا خصوصی اجلاس بلانے کیلئے سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کو خط لکھ دیا۔
اپنے خط میں مراد سعید نے کہا ہے کہ دُشمن کو پارلیمان، سیاسی جماعتوں اور صحافتی اداروں سے ایمان فروش گروہ میسر ہے جو قوم کا مستقبل داؤ پر لگا رہا ہے، مودی سرکارپاکستان میں عدم استحکام کیلئے تمام وسائل جھونک رہی ہے اور جھوٹے بیانیے کے ذریعے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف ہے، ڈس انفولیب رپورٹ نے بھی بھارت کے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے عیاں کر دئیے ہیں۔
مراد سعید نے کہا کہ انفو لیب رپورٹ کا سب سے تشویش ناک پہلو دُشمن کو ہماری صفوں سے ملنے والی خفیہ کمک ہے، ایسے میں ضروری ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کا خصوصی اجلاس بلا کر بھارتی عزائم کے خلاف مشترکہ حکمت عملی وضح کی جائے۔