ملاکنڈ: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام جانتے ہیں کہ یہ حکمران صرف جھوٹ بولتے ہیں، نئے پاکستان میں جینا مہنگا، عوام کا خون سستا ہے۔ عمران خان نے سانحہ مچھ کے متاثرین کو بلیک میلر قرار دیا۔
ملاکنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے جس جمہوریت کے لیے کوڑے کھائے یہ وہ جمہوریت نہیں، آج سیاست، صحافت اور عوام آزاد نہیں ہیں۔ ہم مل کر اس کٹھ پتلی کو بھگائیں گے۔
انہوں نے وزیراعظم کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے لوگوں کو بے روزگار کر دیا گیا۔ چیخ، چیخ کر کہتا تھا کہ 90 دن میں کرپشن کا خاتمہ کر دوں گا لیکن عوام آج تاریخی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ یہ عمران خان کا نیا پاکستان ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس وقت پورے پاکستان میں بلیک آؤٹ ہے، مگر ان کے پاس جواب نہیں ہے۔ ادویات، بجلی، گیس، آٹا، چینی مہنگی جبکہ گروتھ ریٹ منفی ہو چکا ہے۔ سلیکٹڈ کو عوام پر مسلط کیا گیا جسے معیشت چلانے کا پتا ہی نہیں، نااہل حکومت کی وجہ سے معیشت تباہ ہو چکی، عمران خان نے ثابت کر دیا نیا پاکستان میں جینا مہنگا مگر عوام کا خون سستا ہے، ہمیں عوام کو انصاف دلوانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے شہدا کی لاشوں کے ساتھ احتجاج کرنے والے سانحہ مچھ کے لواحقین کو عمران خان بلیک میلر قرار دیا، وہ لواحقین کے پاس نہیں گئے بلکہ بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پاس بلایا۔