اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےخصوصی افراد کو ہنرمند بنانے کیلئے وفاقی وصوبائی حکومتوں اور سول سوسائٹی کے مابین باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی مالی اور تعلیمی شمولیت ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور اس سے عہدہ برآ ہونا پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، خصوصی افراد کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر دینے کے لئے خصوصی تربیتی کورس متعارف کرائے جائیں۔
وہ منگل کو یہاں خصوصی افراد کی بحالی سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ چیئرمین نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) سید جاوید حسن نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں صدر مملکت کو بریفنگ دی۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ خصوصی افراد کی معاشرے میں مالی شمولیت کے ساتھ ساتھ انہیں مرکزی نظام تعلیم میں شامل کرنا ہو گا۔ خصوصی افراد کو معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن خصوصی افراد کیلئے خصوصی تربیتی کورس تیار کرے، خصوصی افراد کی مالی اور تعلیمی شمولیت ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور اس سے عہدہ برا ہونا پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کو ہنرمند بنانے کیلئے وفاقی وصوبائی حکومتوں اور سول سوسائٹی کے باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔