کراچی: (روزنامہ دنیا) بے نظیر بھٹو شہید اور آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی کی تقریبات کا آغاز 24 جنوری سے ہوگا۔ بختاور نے مہندی، نکاح اور ولیمے کی تقاریب کے لئے ڈریس ڈیزائن کرا لئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی ہمشیرہ بختاور بھٹو کی شادی کی تیاریاں جاری ہیں۔ شادی کے سلسلے میں تقاریب کا آغاز 24 جنوری سے ہوگا۔ بلاول ہاؤس میں 24 جنوری کو محفل میلاد منعقد ہوگا۔
مہندی کی تقریب 27 جنوری کو ہوگی۔ بختاورکا محمود چودھری سے نکاح 29 جنوری جبکہ ولیمہ 30 جنوری کو ہوگا۔ کورونا کے باعث شادی کی تقاریب میں محدود تعداد میں مہمانوں کو مدعو کیا جا رہا ہے۔
آئندہ ہفتے سے بلاول ہاؤس میں سیاسی سرگرمیاں روک دی جائیں گی۔ بھٹو خاندان کے سیاسی اختلافات بختاور بھٹو کی شادی پر بھی حل نہیں ہو سکے ہیں اور ذوالفقار علی بھٹو کی بہو غنویٰ بھٹو اور اہلخانہ کو شادی کا دعوت نامہ نہیں ملا۔
بختاور بھٹو کے منگیتر محمود چودھری گزشتہ روز فلائٹ ای کے 600 سے کراچی پہنچے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی کی تقریب میں تین سو مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ تقریب میں ملک کے اہم سیاسی رہنما، ملٹری، سول اور جوڈیشل سربراہان کو دعوت دی گئی ہے۔
شادی کی مصروفیات کے باعث چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ایک ہفتے سیاسی سرگرمیاں معطل رکھیں گے۔