اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری الیکشن کمیشن کے سامنے ہونے والے پی ڈی ایم کے احتجاج میں شرکت نہیں کریں گے، اس فیصلے کی ان کی پارٹی کی جانب سے تصدیق کر دی گئی ہے۔
قمر زمان کائرہ نے اس حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو 19 جنوری کو عمر کوٹ جائیں گے۔ تاہم مظاہرے میں پیپلز پارٹی کا وفد شرکت کرے گا، ہماری تیاریاں جاری ہیں ، احتجاج کے ثمرات پہلے ہی آنا شروع ہو گئے ہیں۔
ادھر ترجمان بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کا الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج میں شرکت کا شیڈول نہیں تھا۔ بلاول بھٹو 18 سے 19 جنوری کو عمر کوٹ جائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب دیکھو سلیکٹڈ حکمران بجلی اور پٹرول مہنگا کرنے کی تیاریوں میں رہتے ہیں۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے جیالوں کو ہدایت کی کہ وہ یقینی بنائیں کہ سندھ میں ضمنی انتخابات پر کوئی ڈاکا نہ ڈال سکے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سٹیل ملز اور پی آئی اے ملازمین کے ساتھ ہے، ناجائز حکمران کو من مانی کرنے نہیں دیں گے۔