سکھر: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ ہاؤسنگ سکیم کالا دھن صاف کرنے طریقہ کار ہے۔ مزدوروں کو بے روزگار کرنا بھی حکومتی سازش ہے، اسی سازش کے تحت سٹیل ملز کے ملازمین کو بے روزگار کیا گیا۔
سکھر میں فلیٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مزدور سٹی میں ہسپتال اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹیوٹ کا بھی بندوست کریں گے۔ اس مشکل دور میں امیروں کیلئے نہیں بلکہ غریبوں کے لیے فلیٹس بنائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم مزدور بہن، بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پیپلز پارٹی مزدوروں کی آواز ہے۔ وفاقی حکومت نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے صحت کا نظام بٹھا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم عوام دشمن حکومت کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ عوام کی طاقت سے ان کو بھگائیں گے اور ایسی حکومت بنائیں گے جو عوام کو ریلیف دے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سندھ کے جزائر پر قبضہ کرکے گھر بنانا چاہتے ہیں۔ یہ لوگ سندھ کی گیس بھی چھین رہے ہیں لیکن پیپلز پارٹی ان کے سامنے دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ غریب اور مزدور دشمن کو بھگانے تک ہم عوام کو ان کے حقوق نہیں دلوا سکتے۔