اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صداق سنجرانی نے ایوان بالا کا الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کی حمایت کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا ہے۔
تفصیل کے مطابق سینیٹ الیکشن کے حوالے سے زیر سماعت صدارتی ریفرنس میں چیئرمین صادق سنجرانی نے جواب سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا ہے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ کا شفاف الیکشن قومی مفاد میں ہے، لہذا سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کروائے جائیں۔
چیئرمین سینیٹ صداق سنجرانی کی جانب سے جواب میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے شفاف انعقاد کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز متفق ہیں اورسینیٹ کی ہول کمیٹی بھی بیلٹ پیپر پر ووٹر کا نام درج کرنے کی سفارش کر چکی ہے۔
صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ لہذا سینیٹ انتخابات کے صاف اور شفاف انعقاد کے لیے آئینی ترمیم ہونی چاہیے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی رکن پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دے تو جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اقرار کرے اور نتائج کا بھی سامنا کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2015ء میں بھی سینیٹ الیکشن میں دھاندلی اور ووٹ کی خرید وفروخت پر بحث ہوئی اور اس معاملے پر سینیٹ کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔