اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کو ٹیلی فون کرکے وزیراعلیٰ پنجاب سے مل کرحکمت عملی کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔
تفصیل کے مطابق سینیٹ کے محاذ سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اتحادیوں سے ٹیلیفونک رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ وزیراعظم نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ کو اس سلسلے میں خصوصی فون کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ٹیلی فونک گفتگو میں سینیٹ انتخابات بارے پرویز الہیٰ سے مشاورت کی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کے ساتھ مل کر سینیٹ حکمت عملی کے لئے پرویز الہیٰ کو ٹاسک سونپ دیا۔
ذرائع کے مطابق چودھری پرویز الہیٰ اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار باہمی مشاورت سے پنجاب میں حکمت عملی اختیار کریں گے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ق) کے انٹر ا پارٹی انتخابات میں چودھری پرویز الہیٰ پارٹی صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ جبکہ کامل علی آغا کو مسلم لیگ پنجاب کا جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا ہے۔