وزیراعظم کی قبضہ مافیا کے محلات گرانے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد

Published On 29 January,2021 03:26 pm

ساہیوال: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے قبضہ مافیا کے محلات گرانے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ پڑا، یہ ہے تبدیلی، سابق وزیراعظم اور اس کی حکومت نے قبضہ گروپس کو تحفظ دیا۔

کامیاب جوان پروگرام کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت سے زمین خریدتے ہیں، تارکین وطن گھر بنانے کیلئے جب واپس آتے ہیں تو ان کی زمین پر قبضہ ہو جاتا ہے، لوگ کہتے ہیں تبدیلی کیا ہے، یہ ہے تبدیلی، قانون کی بالادستی کے بغیر کسی ملک نے ترقی نہیں کی، قبضہ گروپ بہت بڑی لعنت ہے، لاہور کے سب سے بڑے قبضہ گروپ کا محل گرتا دیکھا، سابق وزیراعظم اور ان کی حکومت نے قبضہ گروپس کو تحفظ دیا، قبضہ گروپ کی پشت پر سابق وزیراعظم اور اس کی فیملی کھڑی تھی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ساہیوال میں شہریوں کو ساڑھے 7 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس ملے گی، ساہیوال میں تمام خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ ملے گا، احساس پروگرام کا مطلب ہی نچلے طبقے کا تحفظ ہے، احساس پروگرام کے ذریعے 180 ارب روپے بانٹے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اپریل سے ملک بھر میں ایک سلیبس لا رہے ہیں، سرکاری سکولوں اور نجی تعلیمی اداروں کے سلیبس میں فرق ہے، یکساں نصاب سے غریب بچوں کو اوپر آنے کا موقع ملے گا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم لائی، لوگوں کے مسائل ان کے گھروں میں حل ہوں گے، پاکستان میں ماحولیات پر کسی نے توجہ نہیں دی، آہستہ آہستہ ملک میں جنگلات ختم ہوگئے، ملک میں جنگلات کو دوبارہ فروغ دے رہے ہیں، جنگلات کی اراضی سے بھی قبضے چھڑائیں گے۔

 قبل ازیں ساہیوال آمد پر گورنر پنجاب نے وزیر اعظم کا استقبال کیا جبکہ وزیر اعلی عثمان بزادار بھی دورے میں ان کے ہمراہ تھے۔ کامیاب کسان منصوبہ، کامیاب جوان پروگرام کے بینر تلے شروع کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد زرعی شعبے سے وابستہ نوجوانوں کو مالی اور تکنیکی مدد فراہم کرنا ہے۔ منصوبے سے کسانوں کو ڈیری فارمنگ، لائیو اسٹاک اور زرعی شعبے میں معاونت مل سکے گی۔

ساہیوال میں وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوا، اجلاس میں وزیر اعلی عثمان بزدار، گورنر پنجاب، چیف سیکرٹری اور آئی پنجاب شریک ہوئے۔ وزیر اعظم کو صوبے میں امن و امان، انتظامی امور، ساہیوال کے 18 ارب کے منصوبوں اور صوبے بھر میں صحت انصاف کارڈ کے اجراء پر بریفنگ دی گئی۔

Advertisement