کورونا وائرس: پاکستان آنے والے مسافروں سے متعلق نیا سفری ہدایت نامہ جاری

Published On 29 January,2021 06:45 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان آنے والے مسافروں سے متعلق نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا، کورونا ایس او پیز کے تحت ممالک کو تین کٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ عرفان صابر کی جانب سے جاری ہونے والے ہدایت نامے میں بتایا گیا ہے کہ کٹیگری اے میں آسٹریلیا، چین، عراق، نیوزی لینڈ، قطر، آئس لینڈ، سری لنکا اور سعودی عرب سمیت 24 ممالک شامل ہیں۔ اے کٹیگری کے مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ کروانا لازمی نہیں ہوگا۔

کٹیگری بی میں شامل ممالک کے ناموں کا ذکر نہیں کیا گیا ہے، البتہ یہ کہا گیا ہے کہ جو کٹیگری اے اور سی میں شامل نہیں وہ ممالک کٹیگری بی کا حصہ ہونگے۔

کٹیگری بی ممالک کے مسافروں کے لیے 72 گھنٹے پرانی کورونا رپورٹس جمع کروانا ضروری ہوگا۔ سول ایوی ایشن حکام کے مطابق کٹیگری سی میں جنوبی افریقہ، برطانیہ، برازیل، آئیرلینڈ، پرتگال اور نیدرلینڈ شامل ہیں۔

کٹیگری سی کے تحت بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی آمد این سی او کی اجازت سے مشروط ہوگی۔ کورونا کیسز میں کمی کو دیکھتے ہوئے کٹیگری بی اور سی کے مسافروں کا پی سی آر ٹیسٹ کا دورانیہ 96 سے 72 گھنٹے کر دیا گیا ہے۔