کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں غیر قانونی فارم ہاؤسز کیخلاف انتظامیہ نے ڈنڈا اٹھا لیا۔ سپرہائی وے پر فارم ہاؤسز کیخلاف آپریشن تیز کر دیا گیا۔ کارروائی پیر تک جاری رہے گی۔
انتظامیہ کے مطابق فارم ہاوسز غیر قانونی تعمیرات اور سرکاری زمین پر ہیں۔ عدالتی احکامات پر کارروائی کی گئی۔ اُدھر حلیم عادل شیخ نے ایکشن کو انتقامی کارروائی قرار دے دیا اور کہا کہ حملے کا حساب ہوگا۔
معاملے پر وزیر بلدیات سندھ ناصرشاہ نے کہا کہ آپریشن صرف غیر قانونی تجاوزات کیخلاف ہے، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی، پی ٹی آئی اراکین ہمارا ساتھ دیں کیونکہ وزیر اعظم بھی سرکاری زمینوں کو قبضہ مافیا سے خالی کروانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی فارم ہاوسز عوام کے حصے کا پانی بھی چوری کرتے ہیں۔