اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ امریکا ہمارے پاس نہ آئے کہ جبر کر کے افغان مسئلہ حل کرائیں۔ پاکستانی سرحد پر جنگ واپس نہیں آ سکتی، یہ پاکستان کی ریڈ لائن ہے۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مشیر برائے قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بغیر افغان امن معاہدہ یہاں تک نہیں پہنچ سکتا تھا پہلے امریکا ہر وقت ڈومور کہتا تھا، امریکا نے اب افغان امن معاہدے کیلئے پاکستانی کوششوں کو تسلیم کر لیا، امن معاہدہ افغان فریقین کے درمیان اور امریکا دستخطی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان جو فیصلہ کریں گے وہ ہمیں قبول ہو گا، دوحا میں بڑی محنت سے ایک فیصلہ ہوا، دوحا امن معاہدے میں پاکستان کا بہت اہم کردار ہے، روز بینچ مارک تبدیل ہوگا تو مسائل بڑھیں گے، کوئی بھی تبدیلی چاہتے ہیں تو افغان فریقین بیٹھ کر فیصلہ کر لیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ جبر کے ذریعےکوئی تبدیلی نہیں ہو سکتی۔
دنیا نیوز کے صحافی محمد عمران نے سوال پوچھا کہ امریکا کی جانب سے امن معاہدے پر نظرثانی کی اطلاعات ہیں، اس پر جواب دیتے ہوئے انہوں نےکہا کہ امریکا ہمارے پاس نہ آئے کہ جبر کر کے مسئلہ حل کرائیں۔ پاکستان کی سرحد پر جنگ واپسی نہیں آ سکتی، یہ پاکستان کی ریڈ لائن ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب مذاکرات ہوتے ہیں تو ہر ایک کو لچک دکھانا پڑتی ہے، کامیابی تب ہوگی جب افغان فریقین خود اتفاق رائے سے فیصلہ کریں گے، پاکستان صرف سہولت کار ہے، جو امریکا چاہتا ہے ایک معاہدہ ہے اس کے ساتھ ساتھ چلے۔