’وزیراعظم، آرمی چیف لا پتا کوہ پیماء کے معاملے کو خود دیکھ رہے ہیں‘

Published On 06 February,2021 11:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ محمد علی سدپارہ سمیت لاپتہ کوہ پیماؤں کے معاملے کو وزیراعظم اور آرمی چیف دیکھ رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ محمد علی سدپارہ اور ان کے ساتھیوں کی تلاش کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مسلسل لا پتا کوہ پیماء کے معاملے کو خود دیکھ رہے ہیں۔

زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ سرچ آپریشن کا آغاز صبح پھر کیا جائیگا, کوہ پیماؤں کی واپسی کیلئے قوم سے دعاؤں کی اپیل ہے، موسم کی صورتحال سازگار نہ ہونے کی وجہ سے یہ مشن آسان نہیں ہے۔

معاون خصوصی اوورسیز پاکستانی کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن میں پاکستان آرمی کا تعاون حاصل ہے، علی سدپارہ کی بحفاظت گھر واپسی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے، پاکستانی ان کی محفوظ واپسی کیلئے دعا کرتے رہیں۔