اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکلا کے غیر قانونی چیمبرز گرانے کا حکم دے دیا

Published On 16 February,2021 01:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسلام آباد کچہری میں غیر قانونی وکلا چیمبرز اور فٹ بال گراؤنڈ سے تمام غیر قانونی تعمیرات گرانے کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیل کے مطابق چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل لارجر بنچ نے ایف ایٹ کی رہائشی شہناز بٹ کی تجاوزات کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے سرکاری زمین پر قائم وکلا چیمبرز غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آرڈیننس 1960ء کے تحت کھیلنے کی جگہ یا فلاحی کاموں کیلئے مختص اراضی کی الاٹمنٹ خلاف قانون ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ کچہری میں واقع فٹ بال گراؤنڈ سے وکلا چیمبرز گرا کے 23 مارچ کو فٹ بال میچ کرایاجائے اور برصغیر کے عظیم وکیل اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا جائے۔

عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ 23 مارچ تک گراؤنڈ خالی کرانا حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ وفاقی حکومت مارچ 2022ء تک ضلعی عدالتوں کیلئے تمام سہولیات سے آراستہ کمپلیکس تعمیر کرے۔ اس حوالے سے متعلقہ اتھارٹیز پیشرفت رپورٹ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کو دیں گی۔
 

Advertisement