لاہور:(دنیا نیوز)ملک میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران ن لیگ نے نوشہرہ میں اپ سیٹ کر دیا، پی ٹی آئی کی سیٹ لے اُڑی، وزیر آباد کی صوبائی اسمبلی پر ن لیگ کو برتری حاصل ہے، ضلع کرم کے این اے 45 اور ڈسکہ کے این اے 75 کے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف آگے ہے۔
نوشہرہ: حلقہ پی کے 63
نوشہرہ کے حلقہ پی کے 63 ضمنی الیکشن کے غیر حتمی نتیجہ کے مطابق مسلم لیگ ن کے اختیار ولی 21122 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے میاں عمر 17023 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی کے 63 نوشہرہ میں 102 پولنگ سٹیشن قائم ہیں جن میں 52 مرد اور 39 خواتین اور 3 مشترکہ پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ 1 لاکھ 41 ہزار 934 رجسٹرڈ ووٹرز میں 79 ہزار 63 مرد جبکہ 62 ہزار 871 خواتین ووٹرز ہیں۔
یہ نشست سابق تحریک انصاف کے صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکا خیل کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ یہاں ن لیگ کے میاں اختیار ولی خان پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں جبکہ تحریک انصاف کے میاں عمر کاکا خیل میدان میں ہیں۔
وزیر آباد: حلقہ پی پی 51
وزیر آباد کے حلقہ پی پی 51 میں 152 پولنگ سٹیشن کے غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کی امیدوار بیگم طلعت محمود 49ہزار سے زائد ووٹ کے ساتھ پہلے، تحریک انصاف کے چودھری یوسف 44ہزار سے زائد ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
حلقہ پی پی 51 کی نشست ن لیگ کے شوکت منظور چیمہ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ ن لیگ نے ان کی اہلیہ بیگم طلعت محمود کو امیدوار نامزد کیا جبکہ پی ٹی آئی نے چودھری یوسف کو میدان میں اتارا۔ یہ حلقہ وزیر آباد شہر، سوہدرہ اور دیگر دیہاتی علاقوں پرمشتمل ہے۔ یہاں کل ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 53 ہزار 949 ہے جبکہ 162 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 8 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔
این اے45 کرم
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم کے 118 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق آزاد امیدوار سید جمال 11215 ووٹ لے کر پیچھے، تحریک انصاف کے امیدوار ملک فخر زمان 12577 ووٹ لے کر آگےہیں جبکہ جے یو آئی (ف) کے امیدوار ملک جمیل خان 8140 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 45 ضلع کرم کی نشست جے یو آئی ف کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ یہاں مجموعی طور پر 27 امیدوار میدان میں ہیں۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 80 ہزار 931 ہے جن میں خواتین ووٹرز کی تعداد 70 ہزار 485 ہے۔ حلقے میں 134 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے تھے۔
این اے 75 ڈسکہ ضمنی الیکشن کے 134 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی نوشین افتخار 36744 لیکر پیچھے اور پاکستان تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی 45226 ووٹ لیکر آگے ہیں۔
این اے 75 ڈسکہ کی نشست مسلم لیگ ن کے ایم این اے افتخارالحسن شاہ کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔ یہاں 360 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔ حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد 4 لاکھ 4 ہزار 3 ہے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 73 ہزار 6 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار 997 ہے۔ اس حلقے میں مسلم لیگ ن کی امیدوار سیدہ نوشین افتخار اور پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی انتخابی میدان میں اترے تھے۔