ڈسکہ: (دنیا نیوز) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈسکہ میں ضمنی الیکشن کے دوران شہریوں کی ہلاکت مسلم لیگ (ن) کے گارڈز کی فائرنگ سے ہوئی۔
فردوس عاشق اعوان کا پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ ن لیگ کی قیادت کے ہاتھوں الیکشن کے عملے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہوئی۔ جن لوگوں کو قانون نے طاقت دی تھی، وہ ن لیگ کو فائدہ پہنچانے میں مصروف رہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شاہی خاندان کی فوج نے ڈسکہ میں انتخابی حلقوں کو یرغمال بنائے رکھا۔ پولنگ سٹیشن کے باہر کارکنوں کو ہراساں کیا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ والوں کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ ن لیگ کے امیدوار کے گارڈ نے فائرنگ کی اور بھاگ گئے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لیگی قیادت نے الیکشن کا عمل سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔ خواجہ سعد رفیق کے حلقے سے ڈی ایم او لایا گیا۔ غیر قانونی کام کرنے والے افسران پر ہماری نظر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈسکہ میں پولنگ عملے کو زدوکوب کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ پولنگ سٹیشن کے باہر کارکنوں کو ہراساں کیا گیا۔