گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔
تفصیل کے مطابق میاں محمود الرشید کو الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ نوٹس پی پی 51 وزیر آباد کے ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جاری کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے محمود الرشید کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے دو روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما نے پابندی کے باوجود انتخابی مہم میں حصہ لیا تھا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی وزیر یا رکن اسمبلی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتا۔