اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے لاپتہ افراد کے لواحقین کے اسلام آباد میں جاری احتجاجی دھرنے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے نمائندوں سے جلد ملاقات کرنے اور حکومتی تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے
وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے لاپتہ افراد کے لواحقین کے ڈی چوک میں جاری احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں کے افراد سے ملاقات کی۔
شیریں مزاری نے وزیراعظم عمران خان کا پیغام پہنچایا جس میں انہوں نے لاپتہ افراد کے لواحقین کو احتجاجی دھرنا ختم کرنے کی درخواست کی۔وزیراعظم کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ لاپتہ افراد کے لواحقین کی نمائندہ کمیٹی سے جلد ملاقات کریں گے۔
لاپتہ افراد کی فہرست وزیرانسانی حقوق کو فراہم کریں تا کہ متاثرہ خاندانوں کے نمائندگان سے ملاقات سے قبل ان کے پیاروں کی تفصیلات اور موجودہ صورتحال کا پتہ چلایا جا سکے۔
ڈاکٹر شیریں مزاری سے ملاقات کے دوران متاثرہ خاندانوں نے اپنے پیاروں کی ترجیحی بنیادوں پر بازیابی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا جس پر وفاقی وزیر انسانی حقوق نے کہا کہ اُن کے مطالبات وزیراعظم عمران خان تک پہنچائے جائیں گے اور حکومت لاپتہ افراد کے لواحقین کی ہرممکن تعاون اور مدد کرے گی۔