کراچی: (دنیا نیوز) قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے وسطی ایشیائی ممالک کیلئے پروازوں میں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پہلے مرحلے میں افغانستان کیلئے پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا، ہفتہ وار 5 پروازیں آپریٹ ہونگی۔
ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دوسرے مرحلے میں روزانہ کی بنیاد پر ہفتہ وار 7 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔ پی آئی اے نے آذربائیجان کے شہر باکو کیلئے 14 مارچ سے پروازوں کا بھی اعلان کر دیا ہے۔
پی آئی اے لاہور سے باکو کیلئے براہ راست ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کرے گی۔ باکو کی پروازوں سے پی آئی اے کے زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوگا۔
اس کے علاوہ ازبکستان کے شہر تاشقند کیلئے 28 مارچ سے فضائی آپریشن شروع کیا جائے گا۔ لاہور سے تاشقند کیلئے ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔
پی آئی اے نے سمرقند اور بخارا کیلئے مزید پروازوں کی اجازت طلب کی ہے۔ سمرقند اور بخارا کیلئے مذہبی اور سیاحت کیلئے اپنی فلائٹس آپریٹ کی جائیں گی۔
دوسری جانب پی آئی اے نے جنوبی پنجاب رحیم یار خان کیلئے پروازوں کا آپریشن دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ رحیم یار خان کے لئے کراچی سے ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق رحیم یار خان کے لئے یکطرفہ کرایہ 8800 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے باعث چترال کیلئے معطل کی گئی پروازیں بھی بحال کر دی گئی ہیں۔
اسلام آباد سے چترال کیلئے پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ ہونگی۔ لاہور تا اسلام آباد پروازیں بھی شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اسلام آباد سے لاہور کیلئے ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کی جائیں گی۔