اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمال خاشفجی پر امریکی رپورٹ آنے کے بعد پاکستان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، سعودی حکومت نے اس معاملہ میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے امریکی انتظامیہ کی جانب سے انٹیلجنس رپورٹ دیکھی ہیں۔ رپورٹ پبلک ریلیز کی صورت میں جمال خاشفجی کے قتل کے بارے میں انٹیلی جنس پر مبنی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم نے دیکھا کہ سعودی حکومت نے جمال خاشفجی کے قتل کو سلطنت کے قوانین اور اقدار کے خلاف قرار دیا ہے، سعودی حکومت نے صحافی کے قتل میں ملوث کرداروں کو سزا دلوانے کیلئے اقدامات اٹھائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملوث کرداروں کی تحقیقات کرکے انہیں سزائیں دلوائیں، سعودی حکومت نے اس معاملہ میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے، پاکستان صحافی کے قتل میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی کاوشوں کو تسلیم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خاشقجی قتل: سعودی عرب نے امریکی رپورٹ مسترد کر دی
زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان صحافی کے قتل میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی کاوشوں کو تسلیم کرتا ہے، پاکستان اس حوالے سے سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
اس سے قبل سعودی عرب نے صحافی جمال خاشقجی قتل سے متعلق امریکی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے اسے مفروضوں اور غلط معلومات پر مبنی قرار دے دیا۔
سعودی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق امریکی کانگریس میں پیش کردہ رپورٹ میں سعودی قیادت سے جھوٹے، ناقابل قبول مفروضے منسوب کیے گئے۔ رپورٹ میں بیان کردہ معلومات غلط ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت واقعہ کو مکروہ جرم، ریاست کے قوانین اور اقدار کی سنگین خلاف قرار دے چکی ہے، چند افسران نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے یہ جرم کیا۔ ان افسران کیخلاف آزادانہ تحقیقات اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ۔ جرم ثابت ہونے پر مجرمان کو سزا دی گئی ۔ جسےمرحوم خاشقجی کے اہلخانہ نےسراہا۔