اپوزیشن کی سیاست کا محور پیسہ بنانا ہے، وفاقی وزیر شبلی فراز

Published On 09 March,2021 05:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی سیاست کا محور پیسہ بنانا ہے، پہلے پیسہ بناتے ہیں، پھر لوگوں کے ضمیر خریدتے ہیں۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹ الیکشن شفاف بنانے کیلئے اوپن بیلٹ کی بات کی لیکن اپوزیشن کی جانب سے اس اہم معاملے پر منافقت دکھائی گئی۔ عوام جانتے ہیں کہ اوپن بیلٹ کا کس نے بائیکاٹ کیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس اخلاقی قوت نہیں، ان کی طاقت پیسہ ہے۔ اس کے باوجود ان کے لوگ ہم سے رابطے کر رہے ہیں۔ ہم اپنے مخالفین سے بھی ووٹ مانگیں گے۔ تاہم چیئرمین سینیٹ کون ہوگا ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں سٹیٹ بینک ترمیمی بل 2021ء کے مسودے کی منظوری دی گئی۔ ترمیم کا مقصد سٹیٹ بینک کو مزید بااختیار بنانا ہے۔ حکومت نے سٹیٹ بینک کو مزید اختیارات دیئے ہیں۔ اب سٹیٹ بینک آزادانہ فیصلے کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتیں صرف نوٹ چھاپتی تھیں۔ سابق ادوار میں سیاسی فائدے کیلئے سٹیٹ بینک کو استعمال کیا جاتا تھا۔ دوسرے ممالک میں بھی سٹیٹ بینک بااختیار ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جسٹس ریٹائرڈ عظمت سعید نے مراعات یا تنخواہ لینے سے انکار کیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے ان کی جانب سے اس اقدام کو بات کو سراہا ہے۔