وزیراعلیٰ سے ڈاکٹر یاسمین راشد کی ملاقات، کورونا کی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 09 March,2021 08:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ملاقات ہوئی جس میں کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال جبکہ بزرگ شہریوں کو ویکسین لگانے کے پروگرام کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کورونا کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مرض کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس او پیز پر موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے عملاً اقدامات کئے گئے ہیں۔ شہریوں کو بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کا تعاون بے حد اہمیت کا حامل ہے۔ انسداد کورونا کیلئے حکومتی گائیڈ لائنز پھر عمل کرنا شہریوں کے اپنے مفاد میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں 60 برس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ پنجاب میں 60 برس سے زائد عمر کے تقریباً 75 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔

انہوں نے ہیلتھ پروفیشنلز کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فرنٹ لائن ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف نے کورونا کے دوران قابل تحسین کام کیا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانے کیلئے احسن طریقے سے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ لوگوں کی بے احتیاطی کے باعث کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ حکومت کی ہدایات پر عمل کریں۔ کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کرکے خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔