اسلام آباد: (دنیا نیوز) بیرسٹر سیف نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔ وزیراعظم سے ملاقات میں بیرسٹر سیف نے عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم عمران خان سے بیرسٹر سیف کی ملاقات کے مو قع پر وفاقی وزیر فواد چودھری بھی موجود تھے۔ بیرسٹر سیف بطور سینیٹر کل ریٹائر ہو رہے ہیں۔ بیرسٹر سیف کا تعلق ایم کیو ایم سے تھا۔
علاوہ ازیں آزاد حیثیت میں نو منتخب سینیٹر محمد عبد القادر نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔ منگل کو وزیر اعظم عمران خان سے صوبہ بلوچستان سے بلوچستان عوامی پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے مشترکہ حمایت یافتہ اور آزاد حیثیت میں نو منتخب سینیٹر محمد عبدالقادر نے ملاقات کی، جس میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور سیف اللہ نیازی بھی شریک تھے۔ عبدالقادر نے وزیر اعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے عبد القادر کی شمولیت کا خیر مقدم کیا۔