لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل پر انڈے اور سیاہی پھینکنے والی خاتون سمیت نون لیگی کارکنان کوپولیس نے گرفتار کر لیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل آج پیشی کیلئے لاہور ہائیکورٹ پہنچے جہاں نون لیگی کارکنان پہلے سے موجود تھے۔ اس دوران ان کی پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ دھکم پیل بھی ہوئی جبکہ ایک خاتون سمیت نون لیگی کارکنان نے موقع پاتے ہی شہباز گل پر انڈے اور سیاہی پھینک دی تاہم پولیس نے ان کو موقع سے گرفتار کر لیا۔
اس سے پہلے ہائیکورٹ کے احاطے میں پی ٹی آئی اور نون لیگی کارکنان ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے، اس دوران مخالف کارکنان کے مابین لڑائی بھی ہوئی، دھینگا مشتی میں ایک کارکن زخمی ہو گیا۔
پیشی کے بعد شہباز گل کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے جانثار ہیں، بوکھلائی ہوئی اپوزیشن اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ گالی کے جواب میں گالی نہیں دیں گے، تشدد کے جواب میں مخالفین کی تربیت کریں گے، اپوزیشن جو بھی کر لے اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: یہ اپنے کالے کرتوتوں کی سیاہی پھینک رہے ہیں، گالی کا جواب گالی سے نہیں دینگے
دوسری جانب شہباز گل نے کہا ہے کہ یہ اپنے کالے کرتوتوں کی سیاہی پھینک رہے ہیں، بوکھلائی اپوزیشن اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی، یہ کچھ بھی کرلیں موقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹوں گا، ایک تھپڑ کے جواب میں دس تھپڑ نہیں ماریں گے، گالی کا جواب گالی سے نہیں دیں گے۔
معاون خصوصی شہباز گل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کو بتا دیں کہ میں کسی سے ڈرنے والا نہیں، گالی کا جواب گالی سے نہیں دیں گے، آپ کے کارکنوں کو سمجھائیں گے، خاندانی لوگ ہیں، ایسی حرکت کا جواب اس طرح نہیں دیں گے، مجھے عدالت بلائے گی تو ضرور آؤں گا، آپ کی طرح بہانے نہیں بناؤں گا، عدالتیں جب ان کو بلاتی ہیں تو ان کی کمر میں درد شروع ہو جاتا ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ عدالت میں ایف آئی اے کی مصدقہ دستاویزات دیں، مصدقہ دستاویزات کی بنیاد پر میں نے مقدمہ درج کرایا، قانون اور عدالتوں کا ہر صورت احترام کریں گے۔