وفاقی کابینہ میں ایک بار پھر ردوبدل کا امکان، اہم فیصلے متوقع

Published On 17 March,2021 11:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ میں ایک بار پھر ردوبدل کا امکان ہے۔ بعض وزرا کے قلمدان تبدیل اور نئے وزرا کو کابینہ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں اور نئے چہروں کو قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے۔ تبدیلی آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات شبلی فراز اور فیصل واوڈا نے دوبارہ سینیٹر منتخب ہونے کے بعد بطور وفاقی عہدوں کا حلف ابھی تک نہیں اٹھایا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے آئندہ ڈھائی سال میں معاملات بہتر کرنے کا ٹاسک دیدیا، اسد عمر

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کیلئے مہنگائی بہت بڑا چیلنج ہے، اسے کم کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ بات انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام ‘’دنیا کامران خان کیساتھ’’ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ آئندہ ڈھائی سال میں معاملات بہتر کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہماری دوسری اننگز کا آغاز ہوا ہے، ترجیحات دوبارہ طے کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ کام کرنے کے طریقہ کار میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں بہتری کی بہت گنجائش ہے۔ حکومت اچھے کام کر رہی ہے لیکن لوگوں کو پتا نہیں چلتا۔ عثمان بزدار میڈیا میں زیادہ آئیں تو لوگوں کو کاموں کا پتا چلے گا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو سندھ سمیت دیگر شہروں کا دورہ کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم خود بھی اس بات کو تسلیم کر چکے ہیں۔ وہ آئندہ چند روز میں کراچی سمیت دیگر شہروں کا دورہ کریں گے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں ماڈرن ٹرانسپورٹ کے نظام پر کام کر رہے ہیں۔ کراچی کے منصوبوں کو خود مانیٹر کرتا ہوں۔