پاک فضائیہ کے عظیم شاہین ایم ایم عالم کی آج آٹھویں برسی

Published On 17 March,2021 11:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عرض پاک کے دفاع میں جرات اور بہادری کی مثال قائم کرنے والے پاک فضائیہ کے شاہین ایم ایم عالم کی آج آٹھویں برسی آج منائی جائے گی۔

انہوں نے 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں اپنی جرات مندانہ صلاحیتوں سے وہ تاریخ رقم کی جو ہمیشہ یاد رہے گی۔

پاکستانی عوام آج عظیم قومی ہیرو کی آٹھویں برسی پر انہیں یاد کر رہے ہیں۔ ایک ایسا ہیرو جسے دشمن کی نسلیں بھی کبھی بھلا نہیں پائیں گی۔ محمد محمود عالم جو جانے جاتے ہیں، ایم ایم عالم کے نام سے، 1952ء میں پاکستان ائیر فورس میں شامل ہوئے۔

جنون کی حد تک انہیں آسمان میں اڑنے کا شوق تھا۔ وہ پاک فضائیہ میں سکوارڈن لیڈر، انسٹرکٹر، ڈائریکٹر آپریشنز اور اسسٹنٹ چیف آف دی ائیر سٹاف کے عہدوں پر فائز رہے۔

سکوارڈن لیڈر ایم ایم عالم کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں سرگودھا کے مقام پر پانچ بھارتی ہنٹر جنگی طیاروں کو ایک منٹ میں مار گرایا تھا۔ ان میں سے پہلے چار طیارے صرف تیس سیکنڈ کے اندر مار گرائے تھے۔ یہ ایک عالمی ریکارڈ تھا۔

اس مہم میں ایم ایم عالم ایف 86 جنگی طیارہ اڑا رہے تھے جو اس زمانے میں تکنیکی اعتبار سے ہنٹر طیارے سے تیز تر تھا۔ ان کے اس کارنامے کی یاد کو پاک فضائیہ کے میوزیم میں تازہ کیا گیا ہے، جہاں ان کا مجسمہ اور جہاز رکھا گیا ہے۔

ایم ایم عالم گیلری بھی قائم کی گئی ہے جہاں قومی ہیرو کی وردی، ان کے ذاتی استعمال کا لیپ ٹاپ سمیت دیگر اشیا رکھی گئی ہیں۔ پی اے ایف میوزیم میں آنے والے قومی ہیرو کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔

اس جنگ کے دوران ایم ایم عالم نے مجموعی طور پر دشمن کے 9 طیارے مار گرائے اور 2 کو نقصان پہنچایا جن میں 6 ہاک ہنٹر طیارے تھے۔ ایم ایم عالم کے اس کارنامے پر انہیں دو مرتبہ ستارہ جرات کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔