پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اس شعبے سے وابستہ افراد کو خصوصی تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے فوڈ ہینڈلرز ٹریننگ سکول قائم کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا میں معیاری خوراک کی فراہمی اور چیک اینڈ بیلنس کے لیے خصوصی اقدامات شروع کر دیئے گئے۔ صوبہ بھر میں اشیائے خورونوش سے وابستہ افراد کی تربیت کے لئے ہر ضلع کی سطح پر ایک ٹریننگ سکول کا قیام عمل میں لایا جائیگا، منصوبے کا کا آغاز پشاور سے کیا جائیگا، جس کے بعد دیگر اضلاع تک دائرکار بڑھایا جائیگا۔ ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی شاہ رخ علی خان کے مطابق پشاور میں ٹریننگ سکول آئندہ چھ ماہ میں آپریشنل ہو جائے گا۔
کھانے پینے کی اشیاء سے منسلک افراد اور اہلکاروں کی تربیت کے اقدام کو شہریوں نے بھی خوش آئند قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف اشیائے خورونوش بہتر ہوں گی بلکہ خوراکی اشیاء سے متعدی امراض کے پھیلاؤ کو بھی روکا جاسکے گا۔ فوڈ ہینڈلرز کے لئے میڈیکل سکریننگ لیبارٹری کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے، جہاں پر ان کی میڈیکل سکریننگ کی جائے گی۔