کوہاٹ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ چار سالہ حریم فاطمہ کے قاتلوں کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لاکھڑا کر دینگے، خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وفاقی وزیر شہریار آفریدی جنسی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی چار سالہ حریم فاطمہ کے اہلخانہ سے تعزیت کے لئے ان کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔
اس موقع پر میڈیا اور موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ قاتل جانوروں اور درندوں سے بھی بدتر ہے، جسے جلد گرفتار کرلینگے۔
انہوں نے کہا کہ فرانزک اور جیو فزکس بنیادوں پر انوسٹی گیشن کر رہے ہیں، قاتل بچ نہیں سکیں گے اور آئندہ چوبیس گھنٹوں میں قاتل گرفتاری کی امید ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بنوں جانی خیل میں چار نوجوانوں اور کرک کی حریم فاطمہ قتل انتظامیہ اور پولیس کے لئے کھڑا امتحان ہے، پولیس آرام سے نہیں بیٹھی بلکہ ہر زاویے سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ حریم فاطمہ کے پوسٹ مارٹم میں غفلت برتنے والی دو لیڈی ڈاکٹرز کو معطل کیا ہے مگر یہ معطلی کافی نہیں ہے میں وزیراعظم کی ہدایات پر تعزیت کے لئے آیا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے، متاثرہ خاندان کو انصاف ملے گا۔