اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی بندش کے خلاف پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن کے طلبہ اور اساتذہ نے ڈی چوک پر پورا دن احتجاج جاری رکھا تاہم انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد دھرنے کو ختم کر دیا گیا۔
تفصیل کے مطابق سکولوں کی بندش کے خلاف نجی تعلیمی اداروں کی خواتین اور مرد اساتذہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا، ڈی چوک تک ریلی نکالی اور پھر دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔ احتجاج میں بڑی تعداد میں طلبہ بھی شامل تھے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں نجی تعلیمی اداروں کے موقف کو بھی سامنے رکھا جائے۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ سکولوں کی بندش سے سینکڑوں ٹیچرز کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے، چنانچہ کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کرنے والے سکولوں میں تعلیمی عمل جاری رکھنے دیا جائے۔
پورے دن کے دھرنا کے بعد آخرکار مظاہرین نے انتظامیہ سے مذاکرات کئے اور دھرنے کو ختم کر دیا گیا۔ مذاکرات میں انتظامیہ نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ پیر کے روز ان کے تمام مطالبات کو این سی او سی کے سامنے رکھا جائے گا۔