"کوئی بھوکا نہ سوئے" پروگرام کا لاہور، فیصل آباد اور پشاور میں بھی آغاز

Published On 11 April,2021 03:39 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے "کوئی بھوکا نہ سوئے" پروگرام کو لاہور، فیصل آباد اور پشاور تک توسیع دیدی، کہتے ہیں پروگرام کو مرحلہ وار پورے ملک میں شروع کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کمزور طبقے کو اوپر اٹھانا ریاست کی ذمہ داری ہے، موبائل کچن کے ذریعے مفت کھانا فراہم کیا جائے گا جس سے مستحق اور پسماندہ طبقہ مستفید ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ "کوئی بھوکا نہ سوئے" پروگرام کے آغاز پر سینیٹر ثانیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس پروگرام کو مرحلہ وار فروغ دیا جا رہا ہے۔ ملک پر قرضے چڑھے ہوئے ہیں اس لئے عوام پر خرچ کرنے کیلئے کم پیسہ بچتا ہے۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار بھی "کوئی بھوکا نہ سوئے" پروگرام کو توسیع دینے کی تقریب میں شریک تھے جبکہ وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ پروگرام کے ذریعے کھانا فراہم کرنے والی گاڑی مخصوص مقامات پر 1500 سے 2000 افراد کو روزانہ کھانا مہیا کرے گی۔ قبل ازیں "کوئی بھوکا نہ سوئے" پروگرام اسلام آباد اور راولپنڈی میں شروع کیا گیا تھا۔ 

Advertisement