محکمہ داخلہ سندھ نے دھرنے اور مظاہرے روکنے کے لئے دفعہ 144 نافذ کردی

Published On 16 April,2021 05:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ داخلہ سندھ نے 11 مقامات پر دھرنے اور مظاہرے روکنے کے لئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، پابندی کا اطلاق ہفتہ 17 اپریل سے اگلے دو ماہ کے لئے ہوگا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے جن علاقوں میں دھرنے اور مظاہرے روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں نیشنل ہائی وے، انڈس ہائی وے، ریلوے ٹریک اور متصل علاقے شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اندورن شہروں کو جانے والی شاہراہوں پر احتجاج اور دھرنے دینے پر بھی پابندی ہوگی۔ کراچی میں نادرن بائی پاس، ماڑی پور روڈ، حب ریور روڈ او رشاہراہ عثمان پر احتجاج کرنے پر پابندی ہوگی۔

اس کے علاوہ کراچی کی شاہراہ فیصل اور لیاری ایکسپریس وے پر احتجاج اور دھرنے سمیت ریلیاں نہیں نکالی جا سکیں گی۔ پابندی کے باعث ان مقامات پر دھرنے، ریلیاں اور احتجاج نہیں کیا جا سکے گا۔