پختونخوا کابینہ میں استعفوں کی بھرمار، دو مشیر ایک معاون خصوصی مستعفی

Published On 17 April,2021 05:02 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت کی صوبائی کابینہ میں استعفے دینے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ دو مشیر اور ایک معاون خصوصی نے استعفی دیدیا جس کو منظور کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے مشیر ضیاء اللہ بنگش اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ انہوں نے اپنا استعفی وزیراعلیٰ محمود خان کو بھجوا دیا۔

پی ٹی آئی رہنما ضیاء اللہ بنگش نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ حلقے کی ذمہ داریاں بہت ہیں، اپنے حلقے پر زیادہ توجہ دینا چاہتا ہوں، وزیراعلیٰ محمود خان کو اپنا استعفی پیش کر دیا۔

دوسری طرف وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے توانائی حمایت اللہ نے بھی اپنے عہدے سے استعفی دیدیا اور استعفی وزیراعلیٰ کو بھیج دیا ہے۔

دریں اثناء معاون خصوصی برائے ایکسائز غزن جمال نے بھی اپنا استعفی وزیراعلیٰ محمود خان کو بھجوا دیا اور کہا کہ بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر استعفی پیش کر رہا ہوں۔

وزیراعلی محمود خان نے وزیراعظم کی ہدایت پر پہلے ہی سے تینوں سے استعفے طلب کئے تھے کابینہ میں ان کی کارکردگی اور بعض ناگزیر وجوہات کی بنا پر استعفے قبول کر لئے گئے۔ صوبائی کابینہ میں مزید وزراء کے استعفے آنے اور کئی وزراء کے قلمدان تبدیل کئے جانے کا امکان ہے اور کابینہ میں دو مزید مشیر بھی لئے جا رہے ہیں

Advertisement