اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی تمام جائیدادیں نیلام کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ترجمان کے مطابق نیب جائیداد نیلامی کیلئے احتساب عدالت میں درخواست دائر کرے گا۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری قرار دیا تھا ،ایس ای سی پی کے مطابق نواز شریف کے چار کمپنیوں میں شیئرز ہیں، نواز شریف کے مختلف نجی بینکس میں 3 غیر ملکی کرنسی سمیت 8 اکاؤنٹس شامل ہیں۔ سابق وزیراعظم کے 5 بینک اکاؤنٹس میں 6 لاکھ 12 ہزار روپے موجود ہیں، غیر ملکی کرنسی والے اکاؤنٹس میں 566 یورو، 698 امریکی ڈالرز اور 498 برطانوی پاؤنڈز موجود ہیں۔
نیب رپورٹ کے مطابق نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام لاہور، شیخو پورہ ، مری اور ایبٹ آباد میں جائیدادیں، چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں 15 کنال کا مکان اور اپر مال لاہور پر جائیداد شامل ہیں۔ نواز شریف اور ان کے زیر کفالت افراد کے نام 1752 کنال سے زائد زرعی اراضی ،لاہور کے موضع مانک میں 936 کنال ،موضع بڈوکسانی میں 299 کنال زرعی اراضی سمیت دیگر شامل ہیں۔