لاہور: (روزنامہ دنیا) صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری اور ریڈیو، ٹیلی ویژن پر پہلی اذان دینے کی سعادت حاصل کرنے والے قاری نور محمد اعوان طویل علالت کے باعث لاہور میں 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
وہ صدارتی ایوڑ یافتہ مولانا قاری عبدالماجد نور کے والد تھے، مرحوم نصف صدی تک ریڈیو پاکستان پر قرآن مجید کی تلاوت کرتے رہے جب پاکستان کے سابق صدر محمد ضیا ء الحق مرحوم کے دور میں ریڈیو، ٹیلی ویژن پر اذان کا آغاز ہوا تو ان دونوں پر پہلی اذان دینے کی سعادت قاری نور محمد مرحوم کو حاصل ہوئی، وہ قاری محمد اسماعیل اور قاری کریم بخش کے شاگرد تھے۔
قاری نور محمد مرحوم علالت اور فالج کی وجہ سے کافی عرصہ سے صاحب فراش تھے، انہوں نے دو بیٹے، پانچ بیٹیاں اور اہلیہ سمیت سینکڑوں شاگرد، ہزاروں عقیدت مند و مداح سوگوار چھوڑے۔