کشمیری عوام کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے طبی سہولیات دی جائیں، وزیر خارجہ

Published On 05 May,2021 05:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کے چنگل میں پھنسے کشمیری عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے طبی اقدامات کیلئے دباؤ ڈالے۔

تفصیل کے مطابق پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس بدھ کو چیئرمین کمیٹی شہریار آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں شہید کشمیری حریت رہنماؤں کیلئے فاتحہ خوانی جبکہ کشمیریوں کی جدوجہد خود ارادیت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

وزیر خارجہ نے اراکین کمیٹی کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے شہری کورونا وائرس کی وبا کے دوران دوہرے لاک ڈاؤن کا سامنا کر رہے ہیں۔

مقبوضہ جموں وکشمیر میں کورونا وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے تنازعات کے باوجود بھارت کو انسانی بنیادوں پر معاونت کی پیشکش کی مگر تاحال بھارت کی طرف سے کوئی مثبت جواب سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کی تیسری لہر کے تناظر میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں طبی سہولیات کے فقدان کو پیش نظر رکھتے ہوئے عالمی برادری اور بین الاقوامی ہیلتھ ایجنسیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں صحت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے “ہیلتھ کاریڈور” کے قیام کیلئے اقدامات کرے۔
 

Advertisement